تاوان کیلئے نو عمر لڑکے کا اغوا اور قتل، 3 ملزمان کو عمر قید

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے چھ سال بعد اغوا اور قتل کا الزام ثابت ہو نے پر ملزمان محمد ذیشان،راحیل اور عدنان کو عمر قید کی سزا سنادی،عدالت نے دو لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے ،ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے دس سالہ لڑکے عزیر کو اغوا کرکے بازیابی کے لئیے 30 لاکھ روپے تاوان مانگا اور تاوان نہ دینے کی صورت میں لڑکے کو مارنے کی دھمکیاں دی گئیں ،ملزمان نے عزیر کو نوشہرہ فیروز لے جا کر قتل کردیا تھا، مقدمہ شاہ فیصل تھانے میں 2015 میں درج ہوا ، علاوہ ازیں ملیر کورٹ نے پسند کی شادی کی وجہ سے قتل کئے جانے والے فرقان سے متعلق مقدمات میں عدم ثبوت پر نامزد تمام ملزمان کو با عزت بری کردیا،مقدمات میں جھگڑے اور زد و کوب کی دفعات درج کی گئی تھیں،فرقان کو نومبر 2020 میں قتل کیا گیا،دریں اثناجوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں تاجر کے مبینہ قتل کیس میں نامزد گرفتار ملزم محمد رمضان کو ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا گیا،عدالت نے ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور آئندہ سماعت پر پولیس سے کیس کا چالان طلب کرلیا ،پولیس کے مطابق کیس میں شریک ملزم خلیل تاحال مفرور ہے، مدعی مقدمہ کاکہناہے کہ میرے والد طاہر اقبال مسقط میں اپنا کاروبار کرتے تھے،15 اپریل کو پاکستان واپس آئے تھے، لاک ڈائون کی وجہ سے واپس نہیں جا سکے،میرے والد کی لاش قیوم آباد کے قریب سے ملی۔