پاکستان کا سخت ردعمل ،کویتی ایئرلائنز کا پاکستان میں آپریشن محدود کر دیا گیا
کراچی(نیوز ڈیسک )سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کویت کی جانب سے پاکستان ایئرلائنز کے آپریشن پر مسلسل پابندیوں پر سخت ردعمل دے دیا، یکم اکتوبر سے کویت کی نامزد کردہ ایئرلائنز کی پروازوں کے آپریشن پر پابندیاں عائد کرتے ہوئے اسے محدود کردیا،سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ کویت ایئر ویز اور جزیرہ ایئر ویز کی ہفتہ وار تین پروازیں کی پاکستان آمدورفت کیلئے ہر کو ایک، ایک پرواز تک محدود کردیا گیا،کویت ایئرویز اور جزیرہ ایئرویز کی جانب سے گزشتہ ماہ سے پروازوں کی آمد و رفت جاری ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کویت سے پی آئی اے کے فلائٹ آپریشن کی منظوری پاکستان اور کویت کے درمیان فضائی خدمات کے معاہدے کی شرائط پر مبنی ہے،اگر کویت پی آئی اے کو پروازیں چلانے کی اجازت نہیں دیتا تو سی اے اے مزید ریگولیٹری کارروائی شروع کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔کورونا وبا کے بعد کویت میں قومی ایئرلائنز کے فلائٹ آپریشن پر پابندی عائد کردی گئی تھی جو اب تک قائم ہے، پابندی ہٹانے کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کویتی حکام کو ایک خط لکھا تھا جس میں سول ایوی ایشن حکام نے کہا تھا کہ پی آئی اے کو فضائی آپریشن کی اجازت نہ ملی تو کویت ایئرلائن سمیت کویت سے آنے والی ایئرلائنز بھی پاکستان نہیں آسکیں گی۔ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن کویت کو خط میں کہا گیا تھا کہ کویتی حکام، پی آئی اے کو کویت میں آمد ورفت کے لیے فلائٹ آپریشن کی اجازت دیں، جیسا کہ کورونا وبا کے چیلنجز کے باوجود کویتی ایئرلائنز کو انتہائی سہولت فراہم کی گئی اور فلائٹ آپریشن کو بڑھایا گیا ہے۔
0 Comments
Post a Comment