اسلام آباد میں پانی کی قلت پر قابو پانے کیلئے دو ڈیموں کی تعمیر کی منظوری

اسلام آ باد( نیوز رپورٹر)سی ڈی اے بورڈ نے اسلام آ باد میں پانی کی قلت سے نمٹنے کیلئے شاہدرہ ڈیم اور چنیوٹ ڈیم کی تعمیر کی اصولی منظوری دیدی۔ یہ منظوری چیئر مین سی ڈی اے عامر علی احمد کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں جمعہ کے روز دی گئی ۔ چنیوٹ ڈیم پنجاب حکومت کی اراضی پر تعمیر کیاجا ئیگا۔ اس سے روزانہ 18سے20 ملین گیلن پانی ملے گا۔ شاہدرہ ڈیم سے یومیہ پانچ سے چھ ملین گیلن پانی ملے گا۔اجلاس نے علی پور فراش لو کاسٹ ہائوسنگ پراجیکٹ کیلئے کنسلٹنٹ فرم کی خدمات ہائر کرنے،خیابان سہروردی پر سیوینتھ ایونیو اور کشمیر ہائی وے کراسنگ کے انٹر چینج پراجیکٹ کے تفصیلی ڈیزائن اور نگرانی کے کام ،جی ٹی روڈ سے فیض آ باد فلائی اوور تک آئی جے پرنسپل روڈ کی توسیع و بحالی کے پراجیکٹ کیلئے کنسلٹنٹ فرم کی سروسز کی ہائرنگ کی منظوری بھی دی ۔سٹیزن کلب جی ٹین کاپرانا کنٹریکٹ ختم کرنے اور نئے کنٹریکٹ کیلئے رولز کے تحت کارروائی کی ہدایت کی گئی جبکہ جی پی فنڈ پر منافع کی شرح وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق ادا کرنے کی منظوری دی گئی جو سات اعشاریہ نو فی صد ہے۔ اجلاس میں تمام بورڈ ممبران کمشنر راولپنڈی، ممبر فنانس، ممبر اے، ممبر انجینئرنگ، ممبر اسٹیٹ، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن، نئیر علی دادا، پروفیسر افتخار حسین عارف، پروفیسر ڈاکٹر محمد علی اور علی اصغر خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں آٹھویں اجلاس کی کارروائی کی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں اسلام آباد کے سیکٹر جی ٹین میں سٹیزن کلب کی جلد تعمیر نو کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ کنٹرول جنرل اکائونٹس کی درخواست پر سیکٹر جی فائیو میں دفتر کی تعمیر کے لئے پلاٹ کی الاٹمنٹ کی منظوری بھی دی گئی ۔