ملزمان کراچی سے گاڑیاں چوری کر کے بلوچستان میں سستے داموں فروخت کرنے سمیت جعلی نمبر پلیٹوں کی تیاری میں بھی ملوث تھے

ڈسٹرکٹ سینٹرل: بین الصوبائی موٹر سائیکل لفٹر تین رکنی گروہ گرفتار

کراچی(کرائم رپورٹر)حیدری مارکیٹ اور عزیز آباد پولیس نے مشترکہ کاروائی کے دوران موٹر سائیکل لفٹر تین رکنی بین الصوبائی گروہ گرفتار کر لیا

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کراچی کے مختلف اضلاع سے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل چھین کر بلوچستان میں سستے داموں فروخت کرتے تھے۔ایس ایچ او حیدری مارکیٹ فیصل رفیق کے مطابق گرفتار ملزمان کا تین رکنی گروہ قاسم ولد سلیم،حفیظ بلوچ ولد عبدالمجید،ایاز ولد مراد پر مشتمل ہے جو کہ شہر بھر سے موٹر چوری و چھین کر بلوچستان کے مختلف اضلاع میں فروخت کرتے تھے

 انہوں نے بتایا کہ پولیس نے گزشتہ ماہ کے دوران ضلع وسطی کے علاقے سے گروہ کے رکن شہباز کو گرفتار کیا تھا جس کی گرفتاری کے بعد دیگر ملزمان تک رسائی ممکن ہوئی ابتدائی طور پر پولیس نے جانا کہ مذکورہ گینگ کا رکن قاسم ولد سلیم ہیڈ کانسٹیبل کے قتل میں بھی ملوث ہے جسے عدالت نے مجرم قرار دیا تھا مزید براں ملزمان نے گزشتہ ماہ اسلحہ کے زور پر ضلع وسطی کے علاقے میں پاک آرمی کے اہلکار سے موٹر سائیکل چھینی تھی ملزمان کی گرفتاری پر مذکورہ پاک آرمی کے اہلکار سمیت اب تک تین متاثرہ شہری ملزمان کی شناخت کر چکے ہیں

گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران شہر بھر سے سینکڑوں موٹر سائیکل چوری/چھیننے کا اعتراف کیاہے ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ ان کا تعلق موٹر سائیکل لفٹنگ و کار لفٹنگ میں ملوث بدنام زمانہ کھوکر گینگ سے ہے جو کہ گاڑیوں کی چوری و چھینا جھپٹی کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی جعلی نمبر پلیٹس بنانے میں بھی ماہر ہیں 

تاہم پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے مطابق مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کیلئے ملزمان کو اے وی ایل سی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔