پولیس کو ویکسین کارڈ نہ رکھنے والوں کی گرفتاری سے روک دیا گیا

کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی میں گزشتہ دنوں کورونا وائرس ویکسین لگوانے کا ثبوت فراہم نہ کرنے والے 30 افراد کی گرفتار پر ہونے والی تنقید اور تحفظات کے اظہار کے بعد کراچی کے پولیس چیف عمران یعقوب منہاس نے پولیس کو چیکنگ کے دوران مسافروں سے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ طلب کرنے اور عدم فراہمی کی صورت میں گرفتار کرنے سے روک دیا پولیس چیف نے اہلکاروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ ریسٹورانٹس، فوڈ اسٹریٹس، شادی ہالز سمیت دیگر ایسے مقامات، جہاں سماجی اجتماعات کیے جارہے ہوں، وہاں پر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ چیک کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ مقدمات ان مالکان اور منتظمین کے خلاف درج ہونے چاہیے ہیں جہاں کورونا وائرس کے میعاری آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز)کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔کراچی پولیس کی ترجمان شازیہ جہان کا کہنا تھا کہ سٹی پولیس چیف نے پولیس کو صوبائی حکومت کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق عمل درآمد کی ہدایت کی ہے، جس کے مطابق ریسٹورانٹس، ڈائن ان مقامات اور شادی ہال وغیرہ میں ویکسینشن سرٹیفکیٹ چیک کرنا شامل ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ جمعہ کو پولیس کی جانب سے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کے خلاف مہم کا آغاز کیا گیا تھا اور اس دوران 33 افراد کو گرفتار جبکہ ان کے خلاف 18 مقدمات درج کیے گئے تھے۔پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے انتہائی اقدامات پر گرفتار افراد کے اہل خانہ سمیت کچھ سیاسی جماعتوں نے رد عمل کا اظہار کیا تھا۔پولیس نے دعوی کیا تھا کہ مذکورہ اقدامات وزرات داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے اور سندھ کے چیف سیکریٹری کی جانب سے ویکسین نہ لگوانے والوں کے خلاف کارروائی نہ کئے جانے پر ظاہر کیے گئے تحفظات کے بعد اٹھائے گئے تھے۔