فہیم مغل کی خودکشی قتل ہے، ایکسپریس کی انتظامیہ کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے، کے یو جے
کراچی (پریس ریلیز)کراچی یونین آف جرنلسٹس نے بیروزگار اخباری کارکن فہیم مغل کی خودکشی کو قتل قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فہیم مغل کے قتل کا مقدمہ ایکسپریس اخبار کی انتظامیہ کیخلاف درج کیا جائے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فہیم مغل کی خودکشی میڈیا مالکان کے منہ پر ایک طمانچہ ہے جو دونوں ہاتھوں سے دولت لوٹنے کے باوجود میڈیا ورکرز کو بیروزگار اور ان کا معاشی قتل کرنے میں مصروف ہیں اور اب صورتحال اس حد تک خراب ہوچکی ہے کہ بیروزگار میڈیا ورکرز نے خودکشیاں کرنا شروع کردی ہیں بیان میں کہا گیا ہے کہ فہیم مغل روزنامہ ایکسپریس میں پیج میکر کے طور پر کام کررہے تھے اور انہیں چند ماہ قبل دیگر میڈیا ورکرز کی طرح ملازمت سے فارغ کردیا گیا تھا جس کے بعد ان کے مالی حالات خراب سے خراب تر ہوتے چلے گئے، 6 بچوں کا باپ جو ایک ہنر مند شخص تھا اس نے دوبارہ نوکری نہ ملنے پر رکشہ چلانا شروع کیا لیکن حالات بہتر نہ ہوسکے اور حالات سے تنگ آکر گذشتہ روز وہ گلے میں پھندا ڈال کر جھول گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اشتہارات سے متعلق حکومتی اعداد و شمار ہوں یا نجی شعبے کے اشتہارات کے اعداد و شمار سب یہ بتاتے ہیں کہ اس وقت ایکسپریس میڈیا گروپ سمیت کوئی بھی میڈیا ہاوس نقصان میں نہیں ہے میڈیا مالکان اس وقت پانچوں انگلیاں گھی اور سر کڑاہی میں کی واضح مثال ہیں لیکن ان کی بے حسی عروج پر ہے کئی میڈیا ہاوسز میں اس وقت بھی کئی کئی ماہ کی تنخواہوں واجب الادا ہیں اور کئی میڈیا ہاوسز نے تنخواہوں میں کی گئی کٹوتیاں بحال نہیں کی گئی ہیں جس میں ملک کے سب سے بڑے اور انسانی حقوق اور جمہوریت کے علمبردار ادارے ڈان گروپ اور جنگ گروپ بھی شامل ہیں بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی دباو کے بغیر تمام میڈیا ہاوسز کی آمدنی اور میڈیا مالکان کے ملکی اور غیر ملکی اثاثوں کی نیب اور ایف آئی اے کے ذریعے فوری چھان بین کا حکم دے اور میڈیا مالکان کے تمام اثاثے اور آمدنی عوام کے سامنے لائی جائے بیان میں چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کراچی میں مقدمات سماعت کے دوران فہیم مغل کی خودکشی کا بھی نوٹس لیں اور روزنامہ ایکسپریس کی انتظامیہ کیخلاف فہیم مغل کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیں۔
0 Comments
Post a Comment