انڈین ریاست میں پاکستانی کشتی 77 کلو گرام ہیروئن کے ساتھ پکڑ ی گئی، چھ افراد گرفتار
کراچی (ویب ڈیسک)انڈین ریاست گجرات کی پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ساحل کے قریب مبینہ طور پر ایک پاکستانی کشتی77 کلو گرام ہیروئن کے ساتھ پکڑ لی گئی ہے۔ پاکستانی روپوں میں قبضے میں لی گئی ہیروئن کی قیمت 900 کروڑ بتائی گئی ہے،گجرات پولیس کے مطابق اینٹی ٹیررِسٹ سکواڈ (اے ٹی ایس) کے ڈپٹی سپرانٹینڈنٹ بھویش روجیا کو اطلاع ملی تھی کہ مذکورہ کشتی ڈلیوری دینے کے لیے آ رہی ہے ،پولیس نے دعوی کیا ہے کہ الحسینی نامی کشتی کو حاجی حسین نامی ڈرگ مافیا نے مبینہ طور پر کراچی کی بندرگاہ سے روانہ کیا تھا،یہ بھی اطلاع ملی تھی کہ ہیروئن گجرات کے علاقے جاکھو سے 35 ناٹیکل میل دور منشیات فروشوں کے حوالے کی جائے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جس گروہ کو یہ ڈلیوری کی جانی تھی اس کا تعلق پنجاب کے انڈر ورلڈ گروہ سے ہے،ہیروئن رات کے وقت حوالے کی جانی تھی اس لیے اطلاع ملتے ہی اے ٹی ایس نے کوسٹ گارڈز کے اعلی حکام کے ساتھ مل کر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی اطلاعات کے مطابق رات کے وقت سمندری حدود کی گشت کے دوران ٹیم کو ایک مشتبہ لانچ دکھائی دی ،تلاشی لینے پر کشتی سے 77 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ ٹیم نے عملے کے چھ افراد کو فورا گرفتار کر لیا،پولیس کا دعوی ہے کہ تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ ہیروئن کی ڈلیوری کے لیے ہری-1 اور ہری-2 کے کوڈ ورڈز استعمال کیے جانے تھے۔
0 Comments
Post a Comment