کوئٹہ:سوراب اور مانی خوا میں کارروائیاں: 5 کروڑ روپے مالیت کا غیر ملکی سامان برآمد

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کسٹم کے عملے نے سوراب اور مانی خوا میں کارروائیاں کرتے ہوئے مسافر کوچوں او ر مزدا سے پانچ کروڑ روپے مالیت کا غیر ملکی سامان برآمد کر لیا ۔ کسٹم ذرائع کے مطابق سوراب کسٹم عملے نے کوئٹہ پنجگور روڈ پر گیدر کے مقام پر مسافر بس سے کروڑوں روپے مالیت کا غیر ملکی سامان برآمدکرلیا جن میں ٹافیاں، بسکٹ اورمختلف قسم اور سائز کی ٹائلز شامل ہیں۔ اسی طرح دو مختلف کارروائیوں میں مانی خوا کسٹمز اسٹاف نے اندرون ملک جانے والی مسافر کوچ اور ایک مزدا سے کروڑں روپے کا غیر ملکی سامان برآمد کیا۔ جن میں تمباکو اور فلیور کے علاوہ بڑی تعداد میں کپڑا جو پیاز کی آڑ میں چھپا یا گیا تھا۔کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیادپرکی گئی۔ کلکٹرکسٹم عرفان جاوید کے مطابق کوئٹہ کسٹم کم انسانی وسائل کے باوجود سمگلنگ کی روک تھام کے لیے سرگرم عمل ہے۔ قبضے میں لیا گیا سامان بمعہ بسوں کی مالیت 5کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ا سمگلنگ کے ناسور کے خاتمے تک کاروائیاں جاری رہیں گی۔