غریب عوام کیلئے روٹی ناممکن ۔۔ آتے کی قیمت میں 220روپے کا اضافہ،عوام کیلئے بری خبر

پشاور(نیوز ڈیسک)آٹے کی قیمت میں 220روپے کا اضافہ، خیبرپختونخواہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1350 روپے کی سطح تک پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواہ میں آٹے کی قیمت بے قابو ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی آٹے فی کلو قیمت میں 10 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخواہ میں 85 کلوآٹے کی بوری 5 ہزار 600 سے بڑھ کر 6 ہزار روپے کی ہوگئی، پشاور کی اوپن مارکیٹ میں 85 کلو آٹے کی بوری میں ایک ہی دن میں 400 روپے کا اضافہ ہوا۔ جبکہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 220 روپے کا اضافہ ہو گیا جس کے بعد فی تھیلا 1130 روپے سے بڑھ کر 1350 روپیکا ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب کی جانب سے خیبرپختونخواہ کو گندم اور آٹے کی ترسیل پر مبینہ پابندی عائد کیے جانے کے بعد آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔آٹے کی قیمت میں اضافے پر شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے طوفان نے ان کی کمر توڑ کر رکھی دی، اب روٹی کا حصول بھی بے حد مشکل ہو گیا ہے۔ آٹے کی قیمت میں اضافے کے بعد روٹی کی قیمت میں بھی اضافہ ہو جانے کا خدشہ ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمت میں کمی لانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ یہاں یہ واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ملک میں آٹے سمیت دیگر تمام بنیادی اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔حکومت کا موقف ہے کہ عالمی سطح پر مہنگائی میں بہت زیادہ اضافہ ہوا، اسی باعث پاکستان میں مہنگائی کا طوفان آیا۔ موجودہ صورتحال میں حکومت نے آٹا، گھر، چینی اور دیگر چند اشیا پر سبسڈی کے ذریعے قیمتوں میں کمی لانے کا اعلان کیا ہے۔