نیدر لینڈ میں طالب علموں کی تخلیق ۔۔۔۔۔شمسی توانائی سے چلنے والی گاڑی جس میں رہائش بھی رکھی جاسکتی ہے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)نیدر لینڈ میں کچھ طالب علموں نے شمسی توانائی سے چلنے والی الیکٹرک کیمپر وین تیار کر لی ہے۔سٹیلا ویٹا نامی گاڑی چھت پر لگے شمسی پینل کی مدد سے گاڑی چلانے، شاور لینے، ٹی وی دیکھنے، لیپ ٹاپ چارج کرنے اور یہاں تک کہ کافی بنانے یا چھوٹے چولہے پر کھانا پکانے کے لیے بھی توانائی مہیا کرتی ہے۔یہ گاڑی بیس طالب علموں کی تخلیق ہے جو کہ نیدرلینڈز کی انڈہوون یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ایک تحقیقی گروپ کا حصہ ہیں۔ٹیم کے کچھ ارکان اس نیلی اور سفیدرنگ کی کار وین پر یورپ کے تین ہزار کلو میٹر کے روڈ ٹرپ پر بی نکل چکے ہیں، پورے یورپ کا چکر لگانے کے بعد ٹرپ کا اختتام اسپین کے جنوبی شہر طریفہ پر ہوگا۔طلبا اپنے ٹور کے دوران مختلف شہروں میں رکیں گے اور وہاں مختلف ایونٹس منعقد کر کے آگاہی پیدا کریں گے کہ توانائی اور نقل و حرکت کے لحاظ سے پائیدار مستقبل کے لیے کیا ممکن ہے۔گاڑی بنانے والی ٹیم نے اسے گاڑی کے بجائے پہیوں پر چلتے پھرتے گھر کا نام دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ یہ کیمپر وین نہیں ہے کیونکہ ہماری گاڑی توانائی کے حوالے سے خود کفیل ہے جبکہ کیمپر وین میں ایسا نہیں ہوتا۔ان کا کہنا ہے کہ ہم نے کچھ نیا کیا ہے، یہ نیا تصور، نیا خیال اور نیا اور پائیدار مستقبل ہے۔