دلہن کی سہیلی کرائے پر دستیاب ہے، انوکھی سروس متعارف کروا دی گئی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا میں کئی عجب قسم کے پیشے بھی ہیں کہ جن کے بارے میں سن کر سخت حیرت ہوتی ہے۔ اب اس خاتون کا پیشہ ہی دیکھ لیں جو شادی کی تقریب میں کرائے پر برائیڈزمیڈ (دلہن کی قریبی سہیلی جو دولہا کے شہ بالے کی طرح شادی میں دلہن کے ساتھ رہتی ہے) بنتی ہے۔ دی سن کے مطابق جین گلینز نامی یہ امریکی لڑکی گزشتہ سات سال سے کرائے کی خاتون شہ بالا بن رہی ہے۔ جین گلینز نے اپنی ایک ٹک ٹاک ویڈیو میں بتایا ہے کہ اس نے یہ پیشہ حادثاتی طور پر اپنایا اور اس کی توقع سے کہیں بڑھ کر کامیاب ثابت ہوا۔جین بتاتی ہے کہ جب میں عمر کی 20کی دہائی میں تھیں تو میری سب سہیلیوں کی شادیاں ہو گئیں اور میں ہر شادی میں دلہن کی بہترین سہیلی بنی تھی۔ سہیلیوں کے علاوہ رشتہ داروں اور جاننے والوں میں بھی جس لڑکی کی شادی ہوتی، وہ مجھ سے اپنی بہترین سہیلی بننے کو کہتی۔ ایک روز میری روم میٹ نے مذاق میں مجھ سے کہا کہ اب تمہیں پروفیشنل برائیڈزمیڈ بن جانا چاہیے۔ اس کی یہ بات مجھے بہت پسند آئی کیونکہ اب تک مجھے بھی برائیڈز میڈ بننے کی گویا عادت سی پڑ گئی تھی۔ میں نے آن لائن کرائے کی برائیڈز میڈ کا اشتہار دیا تو اگلے چند دنوں میں مجھے درجنوں ای میلز موصول ہو گئیں اور یوں میرے اس پروفیشن کا آغاز ہو گیا جو آج تک کامیابی سے جاری ہے اور میں خاطرخواہ آمدنی کما رہی ہوں۔ شادی کی ان تقریبات میں مجھے کوئی بھی نہیں جانتا، حتی کہ میں دلہن کے لیے بھی اجنبی ہوتی ہوں مگر مجھے اس کی بہترین سہیلی کی اداکاری کرنی ہوتی ہے اور اسی کام کے مجھے پیسے دیئے جاتے ہیں۔
0 Comments
Post a Comment