دودھ کی من مانی قیمتوں کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر رپورٹ طلب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے دودھ کی قیمتوں میں من مانے اضافے کے خلاف کمشنر کراچی و دیگر کیخلاف توہین عدالت کی دائر درخواست پر کمشنر کراچی اور دیگر سے رپورٹ طلب کرلی۔ جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس یوسف علی سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو دودھ کی قیمتوں میں من مانے اضافے سے متعلق کمشنر کراچی کیخلاف شہری ستار حکیم کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت سرکاری وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیاکہ عدالت عالیہ سندھ نے کمشنر کراچی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو دودھ کی قیمت کے تعین کا حکم دیا تھا۔ متعلقہ ادارے میکنزم بنانے کے لیے کوشش کررہے ہیں۔ دودھ کی قیمت کا تعین کرنے کے لیے مہلت دی جائے۔ بعد ازاں عدالت نے کمشنر کراچی اور دیگر سے رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کی رپورٹ بھی طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
0 Comments
Post a Comment