قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ملازمین کا احتجاج، مریضوں کو مشکلات

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ملازمین ہفتے کو کورونا الاونس کی عدم فراہمی پر سراپا احتجاج ہوئے ۔ مظاہرین نے اسپتال کے احاطے میں جمع ہوشدید نعرے بازی کی ۔ انہوں نے بینرز اورپلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے ۔ احتجاج سے او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے کورونا الاونس روک دیا گیا ہے جسکی وجہ سے احتجاج کرنے پر مجبور ہیں، کورونا وبا کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر ڈیوٹیز کی ہیں اسکے باوجود ہمیں ہمارے حق سے محروم رکھا جارہا ہے، ہمیں کورونا الاونس فراہم کیا جائے۔ بعد ازاں اسپتال انتظامیہ نے ملازمین کا مطالبہ منظور کرلیا۔ اسپتال کے ایگزیکٹوو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے مظاہرین کو الاونس فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق این آئی سی وی ڈی کے تمام ملازمین کا روکا جانے والا کورونا الاونس تمام ملازمین کو فراہم کیا جائے گا۔ ڈاکٹر ندیم قمر کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔