روس کا جوہری آبدوز سے ہائپر سونک کروز میزائل کا تجربہ

ماسکو(اے ایف پی)روس نے پیر کے روز کہا ہے کہ انہوں نے دو ہائپر سونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس میں سے ایک زیر زمین آبدوز سے داغا گیا تھا، یہ نت نئے ہتھیاروں کے حالیہ تجربات میں سے ایک ہے جسے صدر ولادیمر پیوٹن ناقابل تسخیر قرار دیتے ہیں۔حالیہ برسوں کے دوران مغرب کیساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر روس ایسے ہتھیاربنانے کی کوشش میں ہے جس سے وہ ہتھیاروں کی دوڑ میں امریکا پر برتری حاصل کرنے کا خواہاں ہے ۔ ہائپر سونک میزائل آواز کی رفتار سے 5گنا تیزوار کرسکتا ہے اور سفر کے بیچ میں اپنی نقل وحرکت تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے جس کے نتیجے میں اسے ٹریک کرنا یا پھر روایتی طریقوں سے اسے روکنا انتہائی مشکل ہوجاتا ہے ۔