کراچی:قبضہ مافیا سولجر بازار کے سرکاری اسکول پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، محمد حسین محنتی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ گذشتہ چارسال سے قبضہ مافیا کی ناکام کوششوں کے بعدحکومت سندھ جفلہرسٹ اسکول کی تعمیر نو اور قانونی وعملی تحفظ میں ناکام ثابت ہوئی ہے کیونکہ یہ اربوں روپے کی پراپرٹی ہے جس کی وجہ سے قبضہ مافیا کی نظریں اب بھی لگی ہوئی ہیں۔علاقے کی سیکڑوں غریب ومتوسط خاندانوں کے بچوں کو تعلیم سے محروم کرنے کی سازش ہورہی ہے،جماعت اسلامی اس طرح کی کسی بھی سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دے گی۔صوبائی وزارت تعلیم اس طرف خصوصی توجہ دے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جفلہرسٹ گورنمنٹ سیکنڈری اسکول سولجربازارکے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پرڈپٹی ڈی ای او سیکنڈری ایسٹ ناہید پروین، پرنسپل سعید خان،پیپلزپارٹی سندھ کونسل کے ممبرفرخ نیاز تنولی،جماعت اسلامی کے ناظم علاقہ لسبیلہ فہیم اللہ خان اور قیم علاقہ عبدالشکور اور ناظمین حلقہ یونس عمر اور عزیز احمد لاسی بھی ساتھ موجود تھے۔